رواں ماہ کے آخر تک کورونا ویکسین کی 40 لاکھ ڈوزز کی کھیپ پاکستان پہنچ جائے گی،وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

47

اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ نجی شعبے کی طرف سے درآمد کی گئی 50 ہزار کورونا ویکسین ڈوز پاکستان میں دستیاب ہیں، لوگوں کی صحت کا تحفظ اور اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنانا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر تک کورونا ویکسین کی 40 لاکھ ڈوزز کی کھیپ پاکستان پہنچ جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ ہمیں ایسی رپورٹس ملی ہیں کہ سندھ حکومت پہلے ہی ویکسین کی خریداری کیلئے آرڈرز دے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک وفاقی حکومت کی ذمہ داریوں کا تعلق ہے تو حکومت بھرپور طریقے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے، ملک میں پہلے ہی 25 لاکھ کورونا ویکسین ڈوزز پہنچ چکی ہیں۔