اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ” روزنامہ ڈان” میں وزیراعظم کے دورہ سکھر کے موقع پر احتجاج کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر غلط اور بے بنیاد ہے،وزیراعظم کے دورہ سکھر کے دوران کوئی احتجاج نہیں ہوا، نہ کوئی دہشت گردی ہوئی ۔
اتوار کو اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی احتجاج ہوا ، اس حوالے سے شائع ہونے والی خبر غلط اور بے بنیاد ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران متاثرین سیلاب کی بحالی کے لئے اقدامات بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اپنے تمام دوروں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر متاثرین کو خوراک، ادویات اور امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا۔