اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے روس کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ایران کے راستے پاکستان-روس فریٹ پائلٹ ٹرین منصوبہ شمال-جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور کے تحت 31 مارچ 2025 کو شروع ہو گا۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کو بواؤ فورم برائے ایشیا کانفرنس کے موقع پر رشین فیڈریشن کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک سے ملاقات میں کہی۔ چین کے شہر بواؤ میں منعقدہ ملاقات میں دونوں راہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ نے روس کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے توانائی، تجارت اور صنعتی تعاون کے شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران ماسکو میں منعقدہ پاکستان-روس بین الحکومتی کمیشن کے 9ویں اجلاس کے دوران ہونے والی اہم پیش رفت کا اعادہ ہوا۔ ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے پربھی گفتگو ہوئی، وزیرخزانہ نے خام تیل کی خریداری اور تیل و گیس کی تلاش میں سرمایہ کاری کو بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پن بجلی کے شعبے میں تعاون کے مواقع پر بھی بات چیت کی۔ ملاقات میں وزیرخزانہ نے روس کی تکنیکی مہارت اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا پاکستان-روس فریٹ پائلٹ ٹرین منصوبے کو اہم قرار دیا، انہوں نے کہاکہ پاکستان-روس فریٹ پائلٹ ٹرین منصوبہ ایران کے راستے شمال-جنوب ٹرانسپورٹ کاریڈور کے تحت 31 مارچ 2025 کو شروع ہو گا۔فریقین نے اس منصوبے سے متعلقہ کسٹمز کی سہولیات اور قواعد و ضوابط سے ہم آہنگ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے ملاقات کے دوران روس کے تعاون سے پاکستان میں نئی سٹیل مل کے قیام کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور فزیبلٹی اسٹڈی و لاگت کے تخمینے کا جائزہ لیاگیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576779