روس، چین، پاکستان اور ایران کے وزراء خارجہ کا افغانستان میں حالیہ پیشرفت اور خطے میں امن اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال

85

دوشنبے۔16ستمبر (اے پی پی):روس، چین، پاکستان اور ایران کے وزراء خارجہ نے جمعرات کو افغانستان میں حالیہ پیشرفت اور خطے میں امن اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اور کولیکٹو سیکورٹی ٹریٹی آرگنائزیشن (سی ایس ٹی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف ، چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی، پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ایران کے وزیر خارجہ حسین عامر عبدالیان نے باہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران شرکاء نے خطے اور افغانستان میں امن، سلامتی اور استحکام کا عزم کیا۔ وزراء خارجہ نے قومی مفاہمت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے افغانستان میں ایک جامع حکومت کے قیام کی ضرورت پر زور دیا جو تمام لسانی اور سیاسی قوتوں کے مفادات کا خیال رکھے۔

اجلاس کے دوران افغانستان کو درپیش خطرات جن میں دہشت گردی کے پھیلائو اور ڈرگ ٹریفکنگ کی روک تھام کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا گیا۔

وزراء خارجہ نے افغانستان کی انسانی، معاشی اور سماجی صورتحال اور ہمسایہ ممالک میں پناہ گزینوں کی آمد کے خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغانستان میں پرامن زندگی اور معیشت کی بحالی پر زور دیا۔