روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا پیغام حج کانفرنس سے خطاب

149

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہب اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہیں، دین جبر کا نام نہیں ہے، محبت، احترام اور عزت کا حکم قرآن نے دیا ہے، حج کے بعد اللہ کے حکم سے ایک بھی ایسا کیس سامنے نہیں آیا کہ کوئی شخص کورونا کا شکار ہوا ہو، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پیغام حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دس لاکھ لوگوں کے اجتماع کے بعد کسی جانب سے کوئی شکایت نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال خطبہ حج کے لئے ڈاکٹر محمد بن کریم العیسی کا انتخاب کیا گیا جو سعودی سپریم کونسل کے ممبر اور رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ہیں جنہوں نے خطبہ حج میں اللہ کی توحید، اتحاد، اصلاح معاشرہ، اخوت اور محبت کے موضوع پر بات کی، یہ وہ پیغام ہے جو نبی پاک ۖ نے اپنے خطبہ حجة الوداع میں بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ دین جبر کا نام نہیں ہے، محبت، احترام اور عزت کا حکم قرآن نے ہمیں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے بعد اللہ کے حکم سے ایک بھی ایسا کیس سامنے نہیں آیا کہ کوئی شخص کورونا کا شکار ہوا ہو۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ عازمین حج کے لئے کئے جانے والے انتظامات جو خادم الحرمین الشریفین نے کئے ہیں، وہ کوئی بھی دوسرا شخص نہیں کر سکتا، دوران حج کسی کو بھی کھانے پینے اور دیگر کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، یہ سب سعودی حکومت کے بہترین انتظامات کے باعث ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ریاست حرمین شریفین نے جو اعداد و شمار جاری کئے تھے، اس کے مطابق 70 لاکھ لوگ مسجد نبویﷺ ۖ اور بیت اللہ شریف میں آئے اور کسی ایک میں بھی کورونا کی وباء سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، مکہ میں ان کی منزل پر ان کو سامان منتقل کیا گیا، یہ ایک ایسے وقت میں ممکن ہوا جب پاکستان مشکلات سے دوچار تھا، سعودی عرب نے پاکستان کا ہر موقع پر ساتھ دیا۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہب اور بھائی چارے کی بنیاد پر مبنی ہیں جس کے لئے ہم سعودی سفیر نواف سعید المالکی کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے ہمارا موقف ایک ہے جو کبھی نہیں بدلے گا، اسلامی تعاون تنظیم کے دو اجلاس پاکستان میں ہوئے، دونوں اجلاسوں میں کشمیر اور فلسطین کے مسائل اجاگر کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ مملکت سعودی عرب نے حج کے لئے اچھے انتظامات کا مظاہرہ کیا، سعودی عرب نے دس لاکھ حجاج کے لئے بہترین انتظامات کئے اور جس طرح سے مہمان نوازی کی اس سب کے لئے سعودی عرب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مولانا طاہر محمود اشرفی کو اس کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری نے پیغام حج کانفرنس کے حوالے سے کہا کہ سعودی عرب کی مسلمانوں کے لئے خدمات کسی سے ڈھکی چپھی نہیں ہیں، خطبہ حج پوری انسانیت کی خدمت کے پس منطر میں پیش کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا کہ حج کی خدمات کے حوالے سے پیغام حج کانفرنس کا انعقاد ایک بھرپور کامیابی ہے، سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے بعد دس لاکھ حجاج کے لئے بے مثال انتظامات کئے ہیں، سعودی عرب سے ہمارا رشتہ ایمان کا ہے، سعودی عرب میں پاکستان کو بھرپور ترجیح دی جاتی ہے۔