راولپنڈی۔11فروری (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کے ہمراہ انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ڈینگی سرویلنس کو فوری طور پر تیز کرنے کے لیے پلان آف ایکشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے گھروں کا جائزہ لیا جائے گا اور تمام یونین کونسلز کی سرویلینس دس دن میں جبکہ آؤٹ ڈور ویکٹر سرویلینس سات دن میں مکمل کی جائے گی جس میں ڈی ایچ اے راولپنڈی اور دیگر ڈیپارٹمنٹس کے عملے کی معاونت حاصل ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ تمام سرگرمیوں کو ڈینگی ڈیش بورڈ پر تصویری شواہد اور جیو ٹیگنگ کے ساتھ ٹریک کیا جائے گا۔ زیادہ خطرے والی یونین کونسلز میں پارلیمنٹیرینز کو شامل کیا جائے گا تاکہ وہ سرویلنس کی نگرانی کریں۔
انہوں نے بتایا کہ پوٹھوہار ٹاؤن، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی، راولپنڈی کنٹونمنٹ اور چکلالہ کنٹونمنٹ میں 5,24,321 گھروں کا سروے کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گھروں کے سروے کو جلد مکمل کرنے کے لیے صفائی کے رضاکاروں کو بھی سرویلنس میں شامل کیا جائے۔
آؤٹ ڈور ویکٹر سرویلنس کے لیے 1,79,339 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے اور مختلف محکموں سے 12 سو سے زائد افراد کو اس میں شامل کیا جائے گا۔ ڈینگی کی روک تھام کے لیے یونین کونسل کی سطح پر پارلیمنٹیرینز کی زیر نگرانی آگاہی مہم، واکس اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ خواتین رضاکاروں کی خدمات حاصل کرنے پر بھی عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ گھروں کی سرویلنس کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے زور دیا کہ تمام متعلقہ ادارے اپنی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں اور ڈینگی کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=559324