ریاست مدینہ جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور اور اسلامی تاریخ کی اساس اور بنیاد ہے، وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری

49
ریاست مدینہ جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور اور اسلامی تاریخ کی اساس اور بنیاد ہے، وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور اور اسلامی تاریخ کی اساس اور بنیاد ہے، ریاست مدینہ راتوں رات بننے والی نہیں تاہم احساس پروگرام کے تحت بلا امتیاز رنگ ونسل رقوم کی ترسیل ، قومی صحت کارڈ، لنگرخانے اورسرد راتوں میں بے آسرا لوگوں کیلئے پناہ گاہوں کا قیام ریاست مدینہ کی جانب اہم اقدام ہیں۔

جمعرات کو یہاں قومی رحمة العالمینﷺ اتھارٹی مکمل فعال ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو کام قیام پاکستان کے بعد پہلے دن ہونے چاہئے تھا اس کی بنیاد وزیراعظم عمران خان نے رکھی ہے، انسان کا کام بنیاد رکھنا ہوتا ہے اس میں برکت ڈالنا اللہ رب العزت کا کام ہے، وزیراعظم نے درحقیقت فلاح ، نجات اورکامیابی کا راز پا لیا ہے کیونکہ حضورﷺ کی چوکھٹ پر جب تک کوئی نہیں جاتا کامیابی نہیں ملتی اور آپۖ کی چوکھٹ پروہی جاتا ہے جس کو جانے کی سعادت بخشی جاتی ہے۔

انہوں نے علامہ اقبال کے شعر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اجالا ملے گا تو حضورۖﷺکے راستے پر چل کر ملے گا۔ انہوں نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی رحمة العالمینﷺ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے انہوں نے انتہائی سنجیدہ کوششیں کی ہیں جو قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ، اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر اپنے خطاب کا آغاز اور اختتام سرکار دو عالمۖ ﷺکے ذکر جمیل سے کیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم کی حضورۖ ﷺسے نسبت گہری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ اسلامی تاریخ کی اساس اوربنیاد ہے یہ قانون قدرت ہے کہ ہر چیز اپنے اصل کی طرف لوٹتی ہے، وزیراعظم نے بھی پاکستان کو اپنے اصل کی طرف لوٹایا ہے کیونکہ ریاست مدینہ ہی ہماری اصل اساس اوربنیاد ہے اور یہی جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور ہے۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ریاست مدینہ میں عدل وانصاف ، نیکی اور خیر جیسے کام ہی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت کی نوجوان نسل کی تربیت سرکار دو عالمﷺ کی سیرت و کردارکو مد نظر رکھ کر ہی کی جاسکتی ہے۔

پیرنورالحق قادری نے کہا کہ ہم سے لوگ پوچھتے ہیں کہ ریاست مدینہ کا کیا بنا ان میں سے بعض لوگ تعصب سے بھرے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ راتوں رات بننے والی نہیں ہے تاہم اس کیلئے وزیراعظم نے جو اقدامات اٹھائے ہیں ان میں احساس پروگرام کے تحت بلا امتیاز رنگ ونسل رقوم کی ترسیل، قومی صحت کارڈ،لنگرخانے اور سرد راتوں میں آرام دہ پناہ گاہوں کا قیام ریاست مدینہ کی طرف اٹھائے گئے اقدامات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سرکار دو عالمۖ ﷺکو کفار نبی نہیں مانتے تھے مگر انہیں صادق وامین ضرور مانتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رزق حلال کھانا ہی اصل عمل ہے جس پر ہم سب کو چلنا چاہئے۔