ریاض ایئر کا مزید 60 ایئربس اے 321 کی خریداری کا معاہدہ

157
Riyadh Air

ریاض۔2نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کی نئی فضائی کمپنی ریاض ایئرنے مزید 60 ایئربس اے 321 نیو کی خریداری کا معاہدہ کر لیا ہے، کمپنی نے مجموعی طورپر 132 طیاروں کا آرڈر دیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق ریاض ایئر اپنے فلائٹ آپریشن کا 2025 سے کرے گی۔

نئی فضائی کمپنی عالمی سطح پرایک مثالی کمپنی ہوگی جسے مملکت کے وژن کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا جارہا ہے۔ریاض میں فیوچرانویسٹمنٹ کانفرنس کے دوران کمپنی کی جانب سے طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کا اعلان کیا گیا۔اس موقع پرکمپنی کے سی ای او ٹونی ڈوگلاس اورایئربس کمپنی کے سی ای او کرسیٹین شیئرر بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر اور ریاض ایئر کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین یاسر الرمیان نے کہا ہے کہ نئے طیاروں کی خریداری کا معاہدہ اہم پیش رفت ہے جو ایئرلائن کے فلائٹ آپریشن نیٹ ورک کو بہتراور جامع بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

واضح رہے کہ ریاض ایئرکے طیاروں میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں جو عصری تقاضوں کے عین مطابق ہیں۔ نئے طیاروں کی اندرونی ساخت بھی انتہائی آرام دہ اورکشادہ بنائی گئی ہے جبکہ دوران پرواز ٹیلی کمیونیکیشن ذرائع کا استعمال بھی کیا جاسکے گا۔