ریاض۔22ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب اور فرانس کی افواج نے ’جنوب کا شیر 4‘ کے عنوان سے بری مشقیں شروع کردی ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے سومیور آرمی سکول کے کمانڈر بریگیڈیئر بنوا امونیہ نے بری مشقوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب کی طرف سے کرنل زیاد بن سعد الجلیل موجود تھے۔
مشقوں کے آغاز کا اعلان دونوں ملکوں کے پرچم بلند کرکے کیا گیا۔ فرانسیسی فوجی دستے کے بریگیڈیئر نے سعودی بری فوجی دستے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مشقوں میں شامل عسکری یونٹس پوری طرح سے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشقوں کا مقصد عسکری تعاون کا استحکام، دونوں ملکوں کے فوجی تجربات کا تبادلہ، عسکری
آپریشنوں کے تصورات میں یکسانیت ، گوریلا جنگ کی منصوبہ بندی اور عسکری فیصلوں میں یگانگت لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بری فوجی مشقوں کے دوران سیمینارز بھی ہوں گے جن میں دونوں ملکوں کے اہم افسران لیکچرز دیں گے۔