بہاولپور ۔ 24 فروری (اے پی پی):اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے میتھ سرکلز نے ریاضی کے مضمون کے بارے میں سیکھنے اور سمجھنے کے موضوع پر سیشن منعقد کیا۔ تقریب میں اساتذہ، طلباء اور سکول کے بچوں کو ریاضی میں جدت دریافت کرنے کے لیے اکٹھا کیا گیا۔
ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھمیٹیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ اور چیئرمین شعبہ ریاضی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپورپروفیسر ڈاکٹر حافظ فخر الدین نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور چیئرمین شعبہ ریاضی لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر عمران انور اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ پہلا سیمینار اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے اساتذہ اور طلباء کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔
دوسرا سیشن نوجوان ذہنوں میں تجسس پیدا کرنے کے بارے میں تھا کیونکہ سکول کے بچوں کو تفریحی اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے ریاضی میں دلچسپی کی ترغیب دی گئی۔ واضح رہے کہ یہ تقریب جنوبی پنجاب میں ریاضی کے مستقبل کی تشکیل کی جانب ایک بڑا قدم تھا جس سے اساتذہ اور طلبہ نے بہت کچھ سیکھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565699