فیصل آباد ۔ 28 اگست (اے پی پی):چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان نے کہا ہے کہ ریجن بھر کے صارفین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،برقی ترقیاتی کاموں پر اربوں روپے خرچ کئے گئے ہیں ،اس میں گرڈز،کسٹمر سروسز،ایل ٹی /ایچ ٹی پروپوزلز،نئی سب ڈویژنوں کے قیام جیسے کام شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 132کے وی بھابڑہ گرڈکی اپ گریڈیشن،کوٹمومن ڈویژن اور سیال موڑ سب ڈویژن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر بورڈفیسکو محمد علی رانجھا،چیف انجینئر ڈویلپمنٹ عامر محبوب الٰہی،پراجیکٹ ڈائریکٹر جی ایس سی ندیم اکبر کاہلوں،سپرنٹنڈنگ ا نجینئر سرگودھا سرکل ابرارحسین،ایکسیئن اور ایس ڈی اوز بھی موجود تھے۔چیئرمین ملک تحسین اعوان نے بتایا کہ بھابڑہ گرڈسٹیشن کو 66کے وی سے 132کے وی میں اپ گریڈ کیاگیا ہے جس پر 144.915ملین روپے جبکہ ٹرانسمیشن لائن بچھانے پر 207.897ملین روپے لاگت آئی ہے، مذکورہ گرڈپر20/26استعداد کے دوپاورٹرانسفارمرزنصب کئے گئے ہیں۔
اسی طرح کوٹمومن ڈویژن اور سیال موڑ سب ڈویژن کے قیام سے صارفین کے مسائل جلد حل ہوں گے اور نئے زرعی،صنعتی اور تجارتی کنکشنز کا اجراء زیادہ تیزی کے ساتھ ہو گا جس سے علاقے میں ترقی کے نئے باب کھلیں گے۔اس موقع پر بورڈ ڈائریکٹر محمد علی رانجھا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے مسائل کا فوری ازالہ بورڈ کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے مختلف پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے۔
بھابڑہ گرڈسٹیشن کی اپ گریڈیشن،کوٹ مومن ڈویژن اور سیال موڑ سب ڈویژن کے قیام سے علاقے میں لووولٹیج کی شکایات کا خاتمہ ہوگااور صارفین کو اپنے بجلی سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے دوردراز کے دفاتر میں نہیں جاناپڑے گا اور ان کے گھروں کے نزدیک ہی ان کے مسائل کا فوری ازالہ ممکن ہوگا۔
بعد ازاں چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان،فیسکوبورڈ ڈائریکٹر محمد علی رانجھا، اور دیگر نے فیتہ کاٹ کربھابڑہ گرڈ،کوٹ مومن ڈویژن اور سیال موڑ سب ڈویژن کا افتتاح کیا اور شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پودالگایا۔اس موقع پر فیسکو افسران و ملازمین اوراہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383662