ریجنل پولیس آفیسر ملتان کی زیر صدارت محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس

8

ملتان۔ 19 جون (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری کی زیر صدارت محرم الحرام 2025 ء کے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہواجس میں تمام ضلعی پولیس افسران،دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو1122، سول ڈیفنس، امن کمیٹیوں اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے، ممکنہ خطرات اور سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آر پی او ملتان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جا رہا ہے، ہر جلوس اور مجلس کی کیٹیگری کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن و ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اس دوران آر پی او نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران حساس مقامات کی نشاندہی، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ

سرچ آپریشنز اور داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے، تمام مذہبی اسٹیک ہولڈرز، امن کمیٹیوں اور مکاتب فکر کے نمائندوں کو اعتماد میں لے کر جلوسوں و مجالس کے پرامن انعقاد کو ممکن بنایا جائے گا۔