ایبٹ آباد ۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے ستمبر کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد عارف خٹک کی زیر نگرانی ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے جاری کردہ ماہانہ کارکردگی رپورٹ میں گزشتہ ماہ کے دوران ریسکیو ایبٹ آباد کی جانب سے مختلف ایمرجنسیز کالز پر عوام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان کے جان و مال بچانے کے لئے مجموعی طور پر 473 حادثات میں اپنی خدمات فراہم کیں۔ ریسکیو1122 ایبٹ آباد کے ترجمان ساجد اقبال کے مطابق مجموعی طور پر 37228 کالز موصول ہوئیں، جن میں20672 غیر ضروری کالز شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ایبٹ آباد محمد عارف خٹک نے ماہانہ رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے گزشتہ ماہ ستمبر کے دوران اوسط رسپانس ٹائم 7 منٹ میں 473 افراد کو مختلف ہنگامی صورتحال کے دوران بروقت پیشہ ورانہ سہولیات فراہم کیں۔گزشتہ ماہ کے دوران ٹریفک حادثات کے 44، میڈیکل ایمرجنسی کے 368، آگ لگنے کے 14 اور دیگر ہنگامی صورتحال(ریکوری) کے 42 واقعات رونما ہوئے۔ان تمام واقعات کے دوران 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 513 افراد کو ریسکیو کرنے اور ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی زیر قیادت ریفرل ایمبولینس سروسز میں ستمبر کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے ریفرل ایمبولینس سروس کے ذریعے ٹوٹل 172 ایمرجنسی کال پر ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتالوں تک منتقلی کی خدمات سرانجام دیں، جن میں 8 ایمرجنسیز بیرونی ڈسٹرکٹ جبکہ 164 ایمرجنسیز میں اندرون ایبٹ آباد کے مختلف ہسپتالوں میں مریضوں کو منتقل کیا گیا۔