فیصل آباد۔ 28 اگست (اے پی پی):ریسکیو 1122 فیصل آباد نے سیلاب متاثرہ 19 افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔ ترجمان زاہد لطیف نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں تحصیل تاندلیانوالہ،دریائے راوی سے ملحقہ علاقے ماڑی پتن، عالم شاہ، موضع شیرازہ پتن، بلھے شاہ، جھامرا اور قریبی دیہاتوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر 06 ریسکیو پوسٹیں اور 05 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔مذکورہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ رہتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ گزشتہ دو روز کے دوران سیلاب میں پھنسے ہوئے 19 افراد کو ان کے سامان سمیت بروقت کارروائی کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ انسانوں کے ساتھ ساتھ مختلف جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ خود موقع پر موجود رہتے ہوئے ہر لمحہ امدادی سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ریسکیو عملہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہائی الرٹ ہے۔ دریائے راوی کے قریبی علاقوں میں 06 ریسکیو پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو بروقت ایمرجنسی سروسز مہیا کی جا سکیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دریائی علاقوں کو خالی کر دیں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔دریا کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رہا جا سکے۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر کال کریں۔