ملتان۔ 03 اگست (اے پی پی):ریسکیو 1122 ملتان کے زیر انتظام چارروزہ کمیونٹی ایکشن فارڈزاسٹررسپانس کورس کااختتام،30 سے زائد افراد کو زندگی بچانے کی مہارتیں اورحفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے کےطریقے سکھائے گئے اور عملی مشقیں کرائی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی زیر نگرانی یہاں سینٹرل سٹیشن 1122 ملتان میں چار روزہ جامع کمیونٹی ایکشن فار ڈیزاسٹر رسپانس تربیتی کورس کا انعقاد ہوا۔جس میں ریسکیو اسکاؤٹ ایپ کے ذریعے رجسٹرڈ کیے گئے 30 سے زائد شرکاء کو تربیت دی گئی۔شرکاء کو ا بتدائی طبی امداد کی ٹریننگ میں سانس اور دل کے بند ہو جانے کی صورت میں مصنوعی طریقے سے بحالی،زخمی ہونے کی صورت میں خون کے ضائع ہونے کو بچانے سے متعلق آگاہی کے ساتھ آگ بجھانے اور تباہ شدہ بلڈنگ سے زخمیوں کو نکالنے کی عملی طریقے سے تربیت دی گئی۔
ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد ارشد خان اور ٹریننگ انسٹرکٹرز زاہد حسین،محمد عمران اور محسن اقبال نے کورس کے شرکا کو تربیت دی۔یہ تربیتی کورس پری ٹیسٹ،پوسٹ ٹیسٹ، عملی تربیت اور سوال و جواب کے سیشن پر مشتمل تھا۔کورس کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو محافظ بن کر ریسکیو فیملی کا حصہ بنیں،عملی طور پر دکھی انسانیت کی خدمت کے ذریعے ایک اچھا شہری ہونے کا ثبوت دیں۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 اپنی کمیونٹی کو ہنگامی حالات کا مؤثر طریقے سے جواب دینے کے لیے ضروری مہارتوں کے ساتھ بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے، کورس ممکنہ قدرتی آفات سے بچاؤ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔تربیتی کورس کے شرکا نے کورس کومفید اور معلوماتی قرار دیتے ہوئے کہا ریسکیو 1122 کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے کورسز مستقبل میں ناگہانی آفا ت سے نمنٹنے کیلئے مفید ثابت ہونگے۔اس موقع پر تربیتی کورس کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔