گجرات۔5ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری و بانی پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ (ریسکیو 1122) ڈاکٹر رضوان نصیر نے ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد کے ہمراہ ضلع گجرات کا دورہ کیا ۔ سیکرٹری ریسکیو 1122نے گجرات ، کھاریاں اور سرائے عالمگیر کے ریسکیو اسٹیشنز اور ایمرجنسی گاڑیوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور فرداً فرداً ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات کی ، ان کی خیریت دریافت کی اور حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے ڈنگہ ریسکیو اسٹیشن کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور منصوبہ کی جلد تکمیل کے لیے ہدایات دیں تاکہ ڈنگہ شہر کے لوگوں کو جلد از جلد ایمرجنسی سے بچاؤ کیلئے سروسز مہیا کی جا سکیں۔ متاثرین کو معیاری ایمرجنسی سروسز کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی خدمات کا نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اعتراف کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام ریسکیورز زندگی بچانے والی اس ایمرجنسی سروس کے معیار کو برقرار رکھیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=387083