ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام ترکیہ زلزلہ متاثرین سے یکجہتی کا دن منایاگیا

132
Rescue 1122

لاہور۔6فروری (اے پی پی):ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ترکیہ زلزلہ متاثرین سے یکجہتی کا دن منایا گیا۔اس تقریب میں اقوام متحدہ کی سرٹیفائیڈ پاکستان ریسکیو ٹیم 1122 کے ممبران نے شرکت کی جنہوں نے 6 فروری 2023 ء کو ترکیہ میں آنے والے زلزلے میں فوری ریسپانس کیا تھا ۔

تقریب میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ اور کمانڈر پاکستان ریسکیو ٹیم ڈاکٹر رضوان نصیر اور ترکیہ کے قونصل جنرل ڈرمس باستگ نے ترک وفد کے ہمراہ شرکت کی۔اکیڈمی کے سینئر افسران، ترک قونصل خانے کے اہلکاروں نے ترکیہ زلزلہ متاثرین کی یکجہتی دیوار کے سامنے پھولوں کی چادر چڑھائی اور موم بتیاں روشن کیں اور متاثرین کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر رضوان نصیر نے ترکیہ زلزلہ میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور ترکیہ کے زلزلے میں پاکستان ریسکیو 1122 ٹیم کے ریسپانس بارے بتایاکہ اگلے ہی روز پاکستان ریسکیو 1122 کی ٹیم ادیمان پہنچی اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران پاکستانی ریسکیو 1122 کی ٹیم نے 146 مقامات پہ سرچ کی، 15 پھنسے ہوئے لوگوں کو زندہ ریسکیو کیا اور 247 باڈیز گری ہوئی عمارتوں سے نکالیں۔

ڈاکٹر رضوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات بے مثال ہیں، ہم دو دلوں کے ساتھ ایک جان کی طرح ہیں۔پاکستان ریسکیو 1122 ٹیم ترکیہ کے لوگوں کے لئے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہر وقت تیار ہے۔اس سلسلے میں دونوں ملکوں کو مشترکہ مشقیں کرنی چاہیے تاکہ ہم کسی بھی ہنگامی صورتحال یا آفت کی صورت میں ایک دوسرے کے ساتھ مربوط رابطوں اور بہتر کوآرڈینیشن سے مل کر رسپانس کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترک قوم کا بھائی چارہ خلافت تحریک سے ہے اور مستقبل میں بھی رہے گا۔ ترکیہ کے قونصل جنرل ڈرمس باستگ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ "آج اس شدید تباہی کو ٹھیک ایک سال گزر گیا ہے، ہمارا درد تازہ اور گہرا ہے،ہمارا دکھ لامتناہی ہے۔

میں حکومت پاکستان، پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے آفت کے دوران ہمارے ساتھ غیر معمولی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔میں پاکستان ریسکیو 1122 ٹیم اور اس کے کمانڈر ڈاکٹر رضوان نصیر کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ہمارے زلزلہ زدگان کی یاد میں یکجہتی کی تقریب کا انعقاد کیا۔