پشاور۔ 05 مارچ (اے پی پی):ریسکیو 1122 صوابی نے ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر صوابی رفیع اللہ مروت نے ریسکیو 1122 صوابی کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 صوابی نے گزشتہ ماہ کے دوران 648 ایمرجنسیز میں رسپانس کیا، جس کے نتیجے میں601افراد کو ریسکیو کرکے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔ ان حادثات میں 39افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق ان حادثا ت میں 93ٹریفک حادثات، 500میڈیکل ایمرجنسیز، آگ لگنے کے 11 ، لڑائی جھگڑےوگولی لگنےکے19، عمارت گرنےکا ایک، ڈوبنے کے 4 اور 20دیگر نوعیت کے واقعات شامل تھے۔192مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کے حصول کے لئے پیشنٹ ریفرل سروس کے تحت صوابی کے مختلف ہسپتالوں کو منتقل کیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت کی طرف سے تمام ونگ انچارجز کی کارکردگی کو سراہا گیا اور مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی میں بروقت ریسکیو سروس کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈرائیور ز دوران سفر تیز رفتاری سے گریز کریں ۔انہوں نےشہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122 پر مفت کال کرکے ریسکیو خدمات سے استفادہ حاصل کریں ۔