ریلیف کمشنر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بابر حیات تارڑ کی میڈیا سے گفتگو

74
ریلیف کمشنر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بابر حیات تارڑ کی میڈیا سے گفتگو
ریلیف کمشنر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بابر حیات تارڑ کی میڈیا سے گفتگو

لاہور۔19مارچ (اے پی پی):ریلیف کمشنر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بابر حیات تارڈ نے کہا ہے کہ ایکسپو سینٹر لاہور کورونا ویکسینیشن کےلئے صرف پاکستان کا ہی نہیں دنیا کا بھی سب سے بڑا ویکسینیشن سینٹر ہے جہاں ایک دن میں 20ہزارسے زائد افراد کو ویکسی نیشن کی سہولت مہیا کی جا سکتی ہے۔پی ڈی ایم اے لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں ویکسی نیشن سینٹرز کی سہولت مہیا کررہی ہے جنھیں آئندہ دنوں میں تحصیل کی سطح پر بڑھایا جائے گا۔

سہولت سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہاہے آئندہ چند دن میں مینار پاکستان اور شہر کے دیگر علاقوں میں مزید ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ ویکسی نیشن کے لیے حکومت پنجاب کی اولین توجہ کا مرکز سب سے زیادہ مستحق اور کمزور افرادہےں۔ بتدریج ویکسی نیشن کا دائرہ کار 60سال سے کم عمر افراد تک بڑھایا جائے گا۔

آئندہ چار سے پانچ ہفتوں میں پچاس سال سے زائدعمر افراد کی ویکسی نیشن بھی ممکن ہو گی۔ لاہور ایکسپو سینٹر میں اب تک 45ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ وبا سے تحفظ کے لیے تمام شہریوں کی ویکسی نیشن ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریلیف کمشنر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بابر حیات تارڑ نے لاہور ایکسپو سینٹر میں کرونا ویکسی نیشن سینٹر کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔بابر حیات تارڑ نے کہا کہ کرونا ویکسین پر تحقیق کا عمل جاری ہے امید ہے کہ جلد ایسی ویکسین بھی منظر عام پر آجائے گی جسے بار بار لگوانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

ابتدائی طور پر ویکسی نیشن سینٹرز 6ماہ تک فعال رکھے جائیں گے بعد ازاں ضرورت کے مطابق مدت میں اضافہ کےاجائے گا۔ بابر حیات تارڑ نے میڈیا کو بتایا کہ ایکسپو سینٹر میں آئے افراد کے تاثرات اس بات کا ثبوت ہیں کہ سینٹرمیں ویکسی نیشن کے لئے آنے والوں کو بہترین سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ حکومت پنجاب ویکسین سینٹرز کے لیے پی ڈی ایم اے کے تحت فنڈز فراہم کر رہی ہے دیگر تمام ادارے جن میں کمشنر لاہور، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، سول ڈیفنس،ریسکیو1122اور پرائمری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ شامل ہیں پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تحت مل کرخدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر لاہور کی کارکردگی خصوصیت کے ساتھ قابل ستائش ہے جو ایکسپوویکسین سینٹر میں ہر مرحلہ کی بذات خودنگرانی کر رہے ہیں۔ آئندہ دنوں میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ بھی ڈی سی لاہور کے ساتھ ویکسی نیشن سینٹرز کی مانیٹرنگ کی خدمات سرانجام دیں گے۔ ریلیف کمشنر نے ویکسی نیشن کے لیے لوگوں کی بڑھتی ہوئی سنجیدگی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

ایک سوال کے جواب میں کمشنر لاہور نے بتایا کہ بیرون ملک سفر اختیار کرنے والے 60سال سے کم عمر افراد پرائیویٹ سیکٹرسے استفادہ کر سکتے ہیں۔ فی الوقت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح کمزور طبقہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران وبا سے تحفظ کے لیے پاکستان کی کارکردگی دیگر ممالک سے بہت بہتر رہی۔

کورونا کی تیسری لہر میں شرح اموات میں اضافہ ہوا۔شرح اموات پر کنٹرول کے لیے ضروری ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور پنجاب حکومت کی جانب سے دی جانے والی ویکسی نیشن کی مفت سہولت سے استفادہ کریں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ویکسی نیشن سینٹر میں حکومتی پالیسی کے مطابق 60سال سے زائد عمر کر افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

ایکسپو کرونا ویکسین سینٹر میں اب تک 12000افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ موقع پر آکر خود کو رجسٹرڈ کروانے والوں کو بھی ویکسین ویکسی نیشن کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت پنجاب آئندہ ایک ڈیڑھ ماہ میں مینار پاکستان کے علاوہ پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹیشن انسٹیٹیوٹ، تحصیل شالیمار اور ماڈل ٹاوں میں بھی ویکسی نےشن سینٹرز قائم کرے گی تاکہ ساٹھ سال سے کم عمر افراد کو بھی ویکسی نیشن کی سہولت مہیا کی جا سکے۔