رینجرزاور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی،ملزم گرفتار،اسلحہ وایمونیشن برآمد

96
Accused arrested
Accused arrested

کراچی۔ 21 اپریل (اے پی پی):پاکستان رینجرز (سندھ)اور سی ٹی ڈی پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقہ لیاری سے دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث بلوچ لیبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم اخترعرف اکوعرف بنگالی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ وایمونیشن برآمد کر لیاہے۔ پیرکو ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزم اختر عرف اکو عرف بنگالی محلہ سر گواد لیاری کا رہائشی ہے، 2019میں اپنے قریبی ساتھی فراز عرف گنج کے کہنے پر بی ایل ایف میں شامل ہوا ملزم اپنے ساتھی فراز عرف گنج بلوچ کے ساتھ ملکر متعدد حساس مقامات کی ریکی کرنے اور ویڈیوز بنانے میں ملوث رہا ہے۔

دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ مورخہ 9مارچ 2021کو اپنے ساتھی فراز عرف گنج کے ساتھ مل کر تھانہ بغدادی کے علاقہ نزد کمیلا بس اسٹاپ لیاری پر چائنیز نیشنل کی گاڑی پر فائرنگ کرنے میں ملوث ہے جس کے نتیجے میں چائنیز نیشنل منیجر جیسن اور را بگیر خالد زخمی ہوئے تھے۔ جس کی ایف آئی آر تھانہ بغدادی میں درج ہے اور ملزمان کوسی سی ٹی وی میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھی فراز عرف گنج کے ہمراہ حب چوکی میں صحافی اکرم ساجدی اور شاہد زہری کی ریکی کرنے اور ویڈیوز بنا کر بی ایل ایف کے کمانڈر عبد الرحمان عرف عدنان عرف ڈیوڈ کو بھجوانے میں ملوث ہے۔

10اکتوبر 2021کو بی ایل ایف کے دہشت گردوں نے حب چوکی کے علاقے میں شاہد زہری کی گاڑی پر مقناطیسی بم نصب کر کے بلاسٹ کیا تھا جس کے نتیجے میں شاہد زہری جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے اور یکم نومبر 2021کو بی ایل ایف کے دہشت گردوں نے حب چوکی کے علاقے میں صحافی اکرم ساجدی کی گاڑی پر مقناطیسی بم نصب کر کے بلاسٹ کیا تھا جس میں صحافی اکرم ساجدی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ملزم سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں، گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کیلئے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔