ریو ڈی جنیرو ۔ 27 جولائی (اے پی پی) آئندہ ماہ برازیل میں شیڈول ریو اولمپکس گیمز کا کاﺅنٹ ڈاﺅن شروع ہو چکا ہے، میگا گیمز کے آغاز میں 08 روز باقی رہ گئے، میگا گیمز کے کامیاب انعقاد کےلئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ گیمز 5 سے 21 اگست تک منعقد ہوں گے جس میں 160 سے زائد ممالک سے 8 ہزار کے قریب ایتھلیٹس کی شرکت متوقع ہے اور ایونٹ میں شریک مرد و خواتین کھلاڑیوں کے درمیان 28 کھیلوں کے 306 ایونٹس منعقد ہوں گے۔ برازیل کو میگا گیمز کے انعقاد میں سخت چیلنجز کا سامنا ہے اور اس وقت سیاسی بحران بھی زوروں پر ہے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ کا کہنا ہے کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود مجھے پورا یقین ہے کہ گیمز کامیاب اور یادگار ہوں گے اور سیاسی بحران کا گیمز پر کوئی اثر نہیں ہو گا۔