ریڈیو عوام تک معلومات فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ

73

کراچی۔ 13 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ریڈیو ایک مؤثر ذریعہ ہے جو عوام تک درست معلومات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے،پیپلز پارٹی ہمیشہ صحافت کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور میڈیا کے تمام ذرائع کو عوامی فلاح کے لیے استعمال کرنے کی حمایت کرتی ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری کردی اپنے خصوصی پیغام میں کیا ہے۔ اس سال کے عالمی یومِ ریڈیو کے عنوان ’ریڈیو اور موسمیاتی تبدیلی‘ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک سنگین عالمی چیلنج بن چکی ہے اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عوام کو آگاہی فراہم کرنا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے معلومات، اسباب اور ممکنہ حل عوام تک مؤثر انداز میں پہنچائے جا سکتے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے ریڈیو کو ماحولیاتی آگاہی کے فروغ کا طاقتور ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا خصوصاً ریڈیو ماحول کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے ریڈیو سٹیشنز پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی مسائل اجاگر کریں اور عوام کو ان کے ممکنہ حل سے آگاہ کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے ریڈیو اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی، تاکہ ایک محفوظ اور پائیدار مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکے۔