کوئٹہ۔ 18 مئی (اے پی پی):ریکوڈک منصوبے کے تحت بلوچستان کے آٹھ باصلاحیت انجینئرز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت کے لیے ارجنٹینا روانہ کر دیا گیا ۔یہ اقدام ریکوڈک مائننگ کمپنی کے تعلیمی ترقیاتی پروگرام، انٹرنیشنل گریجویٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ ہے ۔ان انجینئرز کا تعلق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ہے اور وہ اٹھارہ ماہ تک بیرک مائننگ کارپوریشن کے ویلاڈیرو پروجیکٹ، جو کہ ارجنٹینا میں واقع ہے،
میں کان کنی کے شعبے میں جدید تربیت حاصل کریں گے۔ اس موقع پر منصوبے کے نمائندوں نے بتایا کہ اس تربیتی پروگرام کا مقصد مقامی نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرنا ہے،
جس سے وہ مستقبل میں ریکودک کمپنی اور ملک و قوم کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوں تربیت مکمل کرنے کے بعد یہ انجینئرز واپس آکر ریکودک پروجیکٹ کا فعال حصہ بنیں گے اور اپنی کمیونٹی میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کریں گے واضح رہے کہ ریکودک منصوبے کے تحت اس سے قبل بھی 2023 اور 2024 میں نو اور دس انجینئرز پر مشتمل دو گروہ ارجنٹینا اور زیمبیا میں بیرک کے مختلف منصوبوں میں کان کنی کے شعبے میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔