پشاور۔ 27 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت و پرو چانسلر زرعی یونیورسٹی سوات میجر (ر) سجاد بارکوال کی زیر صدارت زرعی یونیورسٹی سوات کے سینٹ کا چوتھا اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس کے آغاز میں حالیہ بارشوں و سیلاب کے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ زراعت محمد نعیم خان، رکن صوبائی اسمبلی سلطان روم خان، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی سوات پروفیسر ڈاکٹر داؤد جان، سپیشل سیکرٹری محکمہ زراعت سید محمد سہیل، ڈائریکٹر فنانس ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد سمینہ درانی، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس آرشد علی، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم جاوید اقبال، جسٹس محمد اقبال خان، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ اسٹیبلشمنٹ محمد طارق اور ایڈوائزر اسٹیبلشمنٹ اینڈ فنانس زرعی یونیورسٹی سوات اکبر خان سمیت سینٹ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے لیے 656 ملین روپے سے زائد سرپلس بجٹ پر تفصیلی غور و خوص کے بعد منظوری دی گئی۔ دیگر ایجنڈا نکات میں خصوصی پروگرامز، مختلف سکالرشپ پروگرامز، سالانہ کارکردگی رپورٹ، آئندہ منصوبہ بندی اور تھرڈ پارٹی آڈٹ رپورٹ پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔سینٹ نے یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہا اور جاری ترقیاتی سکیموں کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی سوات کو نہ صرف صوبائی بلکہ قومی سطح پر پہاڑی زراعت اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے آگاہی اور بچاؤ کے حوالے سے ایک منفرد ادارہ بنایا جائے گا۔انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے نمائندے پر زور دیا کہ وہ ملکی سطح پر دیگر جامعات کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں اور مشترکہ پروگرامز کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں، جس پر ایچ ای سی کے نمائندے نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر داؤد جان نے صوبائی وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔