زرعی یونیورسٹی کے ہزاروں طلبہ گندم مہم کے تحت پنجاب کے پانچ ڈویژنز کے دیہاتوں کی طرف روانہ ہو گئے

155

فیصل آباد۔ 18 نومبر (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے ہزاروں طلبہ گندم مہم کے تحت پنجاب کے پانچ ڈویژنز کے دیہاتوں کی طرف روانہ ہو گئے۔ زرعی یونیورسٹی اور محکمہ توسیع زراعت حکومت پنجاب کے تعاون سے 18تا 30نومبر تک گندم بڑھاؤ مہم کا اجراء کر دیا گیا ہے جس میں طلبہ، ماہرین کی سفارشات، موسم دوست ٹیکنالوجی، جدید طریقہ کاشت، کھادوں کا متوازن استعمال، بروقت بوائی و دیگر رحجانات سے کاشتکاروں کو روشناس کروائیں گے اس کے ساتھ ساتھ انہیں زراعت کے حقیقی مسائل سے جانکاری بھی حاصل ہو گی۔ اس حوالے سے منعقدہ ڈینز کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس برس بھی یونیورسٹی کے طلبہ متعدد ڈویژنز بشمول گجرات،فیصل آباد، لاہور، ساہیوال اور گوجرانوالہ کے دیہاتوں میں جا کر کاشتکاروں کو اپنے تجربات سے آگاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ آؤٹ ریچ پروگرام میں بھی وسعت لائی ہے تاکہ پیداوار میں اضافے کو یقینی بنا کر فوڈ سکیورٹی کے اہداف حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف زیادہ قوت مدافعت رکھنے والی گندم کی نئی اقسام متعارف کروائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو موسمیاتی تبدیلیوں اور سموگ سے نبردآزما ہونے کے لئے بھی ماہرین کی سفارشات سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں یونیورسٹی نے گنے کی جنیٹیکل موڈیفائیڈ اقسام، سویابین، مکئی، کپاس و دیگر اجناس و پھلوں کی اقسام متعارف کروائی ہیں جو کہ غذائی استحکام کے اہداف حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ زرعی یونیورسٹی میں گندم مہم کے کنوینر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ہیں جبکہ ڈاکٹر ریاض ورک، ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر، ڈاکٹر عاصم عقیل، ڈاکٹر زاہد عباس اور ڈاکٹر طاہر منیر بٹ مختلف ڈویژنز کے کوارڈی نیٹر تعینات کئے گئے ہیں۔

مزید برآں اس حوالے سے ایوب ریسرچ میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ و مطبوعات ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر، ڈاکٹر محمد نوید، ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن فیصل آباد ڈاکٹر خالد محمود، ڈائریکٹر ویٹ ایوب ریسرچ ڈاکٹر جاوید احمد، ایم پی اے راؤ کاشف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر محمد جلال عارف نے کہا کہ ہر سال یونیورسٹی کے ہزاروں طلبہ جوش و خروش کے ساتھ گندم بڑھاؤ مہم میں حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال گندم کی بھرپور فصل حاصل ہوئی تھی جو کہ جدید ٹیکنالوجی کا کھیتوں تک پہنچنے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں کے ساتھ ان کی مقامی زبان میں بات کریں تاکہ وہ پیغام کو باآسانی سمجھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبہ کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لئے بہترین علوم سے آراستہ کئے جا رہے ہیں۔ ایم پی اے راؤ کاشف نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے اور زرعی پیکج و اصلاحات عمل میں لائی جا رہی ہیں تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پچھلے سال فیصل آباد کی فی ایکڑ پیداوار میں دو من اضافہ ہوا ہے جبکہ اس سال بھی بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں گے۔