اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)میرپور آزاد کشمیر میں آنے والے حالیہ تباہ کن زلزلہ کے پیش نظر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین نے منگلا ڈیم اور اس کے اہم حصوں بشمول مین ڈیم، سپل وے اور پاور ہاو¿س کا دورہ کیا۔ دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ حالیہ زلزلہ میں منگلا ڈیم اور پاور ہاو¿س کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم احتیاطی تدابیر کے پیش نظر پاور ہاو¿س سے بجلی کی پیداوار بند کرنا پڑی کیونکہ ڈیم کے ریزر وائر میں بڑی تعداد میں مٹی اور گاد کے بھر جانے سے ٹربائن کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مختلف تنصیبات کے اعداد و شمار اکٹھے کئے ہیں اور ٹربائن کی کارکردگی جانچنے کے لئے مختلف ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے بجلی کی پیداوار بحال ہو چکی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ 1967ءمیں اپنی تکمیل کے بعد سے اب تک منگلا ڈیم ملک کی سماجی ترقی اور اقتصادی استحکام میں اہم کردار ادا کر تا چلا آرہا ہے، منگلا ڈیم زرعی مقاصد کے لئے پانی مہیا کرتا ہے، سیلاب کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے اور قومی نظام کو سستی پن بجلی فراہم کرتا ہے۔