لاہور۔24دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے جتنے اقدامات پی ٹی آئی کی حکومت نے کیے ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ آج دنیا کے کونے کونے میں موجود پاکستانی خود کو محفوظ سمجھ رہے ہیں۔ یہ سب وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر عمل سے ہی ممکن ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین میں وزارت اوورسیز پاکستانیزوہیومن ڈویلپمنٹ کے فوکل پرسن شوکت علی صافی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہناتھا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں،ہمارے دوست اور دشمن بھی ایک ہیں اور ہمارے مفادات بھی۔ اس لئے چین میں موجود ہر پاکستانی کے مفاد کاتحفظ ضروری ہے۔ اس موقع پر شوکت علی صافی نے کہا کہ چین میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے کئی ڈیسک قائم کردئیے گئے ہیں تاکہ یہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ چین میں موجود پاکستانی چین کی ترقی میں اہم اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرکے اپنے ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔ اس لئے اپنے ہم وطنوں کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔