زلمے خلیل زاد کے بیان سے امریکی سازش اور امپورٹڈ رجیم کی اصلیت سامنے آ چکی ہے،فارن فنڈنگ کا نیکسس بےنقاب ہوگیا،مریم اورنگزیب

226
مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے زلمے خلیل زاد کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زلمے خلیل زاد کے بیان سے امریکی سازش اور امپورٹڈ رجیم کی اصلیت سامنے آ گئی ہے، جیوش لابی اپنا سٹوج بچانے کے لئے سامنے آ چکی ہے، فارن فنڈنگ کے مجرم کے ہینڈلرز سامنے آتے جا رہے ہیں، فارن فنڈنگ کا نیکسس بے نقاب ہو گیا ہے۔

بدھ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ فارن ایجنٹ کون ہے۔ آپ کی کٹھ پتلی نے چار سال انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کیں، آپ کا سٹوج میڈیا پریڈیٹر قرار دیا جا چکا ہے۔ آپ کا سٹوج پاکستان میں مالیاتی، سیاسی اور سفارتی تباہی کا ذمہ دار ہے، بین الاقوامی لابسٹ پاکستان میں خانہ جنگی کرانے کے لئے متحرک ہوگئے ہیں، زلمے خلیل زاد کی ٹویٹ اسی منصوبے کی کڑی ہے۔