زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے لئے 22 رکنی ممکنہ قومی سکواڈ کا اعلان

241

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان کے 22 رکنی ممکنہ سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نےپچاس اوورز پر مشتمل فارمیٹ میں تجربہ کار کھلاڑیوں اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کی غرض سے سکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔ پاکستان نے گزشتہ 12 ماہ سے کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ ایک سال بعد کھیلی جانے والے ون ڈے سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔ یہ لیگ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔ لاہور میں شیڈول تین ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے سکواڈ کا انتخاب کرتے وقت نوجوان کھلاڑیوں کومتواتر مواقع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔سلیکٹرز نے سنٹرل پنجاب کے20 سالہ عبداللہ شفیق کو ممکنہ سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ نوجوان بیٹسمین نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2020 میں 133 کے اسٹرائیک ریٹ سے 358 رنز بنائے تھے۔عبداللہ شفیق کو اپنے فرسٹ کلاس اور ٹی ٹونٹی ڈیبیو میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ شعیب ملک کی جگہ عبداللہ شفیق کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ سلیکٹرز نے محمد رضوان کے بیک اپ کے طور پر روحیل نذیر کو ممکنہ سکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔ دورہ انگلینڈ کے لیے قومی سکواڈ میں شامل سرفراز احمد کو 25 اکتوبر سے شروع ہونے والی قائداعظم ٹرافی میں شرکت کا کہا گیا ہے تاکہ دورہ نیوزی لینڈ سے قبل وہ مکمل طور پراپنی فارم بحال کرسکیں۔ اسی طرح فاسٹ باؤلر محمد عامر اور عثمان شنواری کی جگہ حارث رؤف ،محمد حسنین اور موسیٰ خان کو صلاحیتوں کے اظہارکا موقع دینےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انجری کی وجہ سے حسن علی اور نسیم شاہ کی سلیکشن پر غور نہیں کیا گیا تاہم دونوں کھلاڑیوں کو قائداعظم ٹرافی میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جاسکے۔زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے لئے اعلان کردہ 22 رکنی ممکنہ قومی سکواڈ میں بابراعظم ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ شاداب خان انکے نائب ہونگے ۔ دیگرے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق ، عابد علی ، فخر زمان ، حیدر علی ، حارث سہیل ، افتخار احمد ، امام الحق ، خوشدل شاہ ، محمد حفیظ، محمد رضوان ،روحیل نذیر، عماد وسیم ، عثمان قادر ،ظفر گوہر،فہیم اشرف ، حارث رؤف ، محمد حسنین ، موسیٰ خان ، شاہین شاہ،ر وہاب ریاض اور صباح الحق شامل ہیں ۔ مصباح الحق نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اندازہ ہےکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کچھ کھلاڑی ممکنہ سکواڈ میں اپنا نام نہ دیکھ کر مایوسی کا شکار ہوئے ہوں گےتاہم انہیں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ان کی سلیکشن پر غور کیا جائے گا۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہمارا موجودہ ٹی ٹونٹی سکواڈ پہلے ہی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اورہم نے انہی کھلاڑیوں کو مزید اعتماد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک روزہ انٹرنیشنل سکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہ کرنےکا مقصد آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں قیمتی پوائنٹس حاصل کرنا ہے کیونکہ یہ ایونٹ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے شعیب ملک او رسرفراز احمد کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو سکواڈ میں جگہ دی ہے لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ ان کے کیرئیر ختم ہوگئے ، اسی طرح ہم نے عثمان شنواری اور محمد عامر کی جگہ محمد حسنین ، حارث رؤف اور موسیٰ خان جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو متواتر موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں محمد رضوان ہماری فرسٹ چوائس ہیں اور مستقبل کے پیش نظر ہم نے ان کی جگہ روحیل نذیر کو بطور بیک اپ ممکنہ سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ ممکنہ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ19 ٹیسٹ 21 اکتوبر کو لیے جائیں گے۔ اس دوران پانچ روزہ آئسولیشن مدت کے دوران کھلاڑی قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کریں گے،سکواڈ 26 اکتوبر کو راولپنڈی روانہ ہوگا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 30 اکتوبر ، دوسرا ون ڈے میچ یکم نومبرجبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 3 نومبرکو کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کے تینوں میچز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔اس کے بعد دنوں ٹیمیں تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لئے لاہور روانہ ہوں گی۔ تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 7نومبر ، دوسرا 8نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 10نومبرکو کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے تینو ں میچز لاہور میں ہی شیڈول ہیں۔