زندگی کو بے سہارا لوگوں کے لیے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے ، سویٹ ہومز کے ہونہار بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ بنیں گے، سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

121
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ اپنی زندگی کو بے سہارا لوگوں کے لیے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے ، سویٹ ہومز کے ہونہار بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ بنیں گے۔

انہوں نے یہ بات اتوارکو سویٹ ہوم اسلام آباد کے دوررہ کے موقع پرکہی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے سویٹ ہوم اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب نور سحر میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سویٹ ہومز کے ذریعے بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

سپیکر نے کہاکہ دنیا میں بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جن سے اللہ تعالیٰ اپنے خاص مقصد کا کام لیتا ہے، زمرد خان کا شمار بھی ان چند شخصیات میں ہوتا جن کو اللہ تعالیٰ نے اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے چنا ہے، اپنی زندگی کو بے سہارا لوگوں کے لیے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سویٹ ہومز کے ہونہار بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ بنیں گے اورمستقبل میں یہ بچے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ثابت ہوں گے ، جس خوب صورت ماحول میں ان بچوں کی تعلیم و تربیت ہو رہی ہے یہ ان کی کامیابی کی ضمانت ہے، سویٹ ہومز میں تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ماحول کی فراہمی یقیناً قابل رشک ہے۔

راجہ پرویزاشرف نے کہاکہ انہیں بطور وزیراعظم بھی سویٹ ہوم میں آنے کا موقع ملا تھا، انہوں نے کہاکہ وہ پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے سویٹ ہومز سمیت دیگر فلاحی اداروں کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔

سپیکرنے کہاکہ انسانیت کی فلاح و بہبود اور خدمت کرنے والے افراد خصوصی اہمیت کے حامل ہیں اوردنیا میں انسان نے کسی مقصد کو حاصل کرنا ہے تو وہ انسانیت کی خدمت ہے۔