زور زبردستی سے حکومتیں جاتی ہیں اور نہ ہی ہم اس سے مرعوب ہوں گے ، رانا ثناءاللہ خان

209

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ زور زبردستی سے حکومتیں جاتی ہیں اور نہ ہی ہم اس سے مرعوب ہونگے ، جتھوں کو وفاقی دارالحکومت پر یلغار کی اجازت نہیں دے سکتے ،وزیراعظم جلد چین کادورہ کرنے جارہے ہیں ،ایسے وقت پر لانگ مارچ کا اعلان بدنیتی اور ملک دشمنی ہے۔ وہ بدھ کو اسلام آباد چیمبر اینڈ انڈسٹریز کے صدر احسن بختاور اور آل پاکستان تاجراتحادکے صدر اجمل بلوچ کی سربراہی میں تاجروں کے 30 رکنی وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

تاجر برادری نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالے سے وزیر داخلہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔ تاجروں نے وفاقی وزیر سے استدعا کی کہ تاجر برداری ، صنعتکاروں اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ وفاقی وزیر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی دارالحکومت میں تجارتی سرگرمیاں، تعلیمی ادارے ، ہسپتالیں اور معمولات زندگی معمول کے مطابق چلتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جتھوں کےذریعے حکومتیں گرانے کے رجحان کی اجازت نہیں دے سکتے ، پاکستان جمہوری ملک ہے ،جمہوری ملک کا تقاضا ہے کہ فریقین مل بیٹھ کر باہمی مشاورت سے معاملات کو حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے دھرنے میں ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ، سی پیک رول بیک ، چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا ، اب ایک ایسے وقت میں لانگ مارچ کا اعلان کیا جارہا ہے جب ملک میں تیزی سے سرمایہ کاری ہورہی ہے ، وزیراعظم سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔

تاجر برادری نے کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری پی ٹی آئی لانگ مارچ کو مسترد کرتی ہے ، غیر جمہوری رویئے سے ملکی معیشت عدم استحکام کا شکار ہوتی ہے ، تاجر برادری عوام میں جائے گی اور انہیں دھرنے سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گی ۔