زہریلے پانی سے اگئی سبزیوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ایکشن

205
Punjab Food Authority

فیصل آباد۔ 04 نومبر (اے پی پی):زہریلے پانی سے اگی سبزیوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ایکشن۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایت پر تاندلیانوالہ روڈ پر واقع کاشت سبزیوں کی چیکنگ اور8 کنال پر کاشت ہزاروں کلو تیار زہریلی سبزیاں ہل چلا کر تلف کردی گئیں۔

گندے پانی سے سیراب ہونے والی پالک کی فصل کو تلف کیا گیا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ سیوریج کے پانی سے کاشت سبزیوں کو سبزی منڈی فیصل آباد میں سپلائی کیا جانا تھا۔قوانین کی خلاف ورزی پر کاشتکاروں کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ زہریلے پانی سے اگی سبزیوں کا استعمال موذی بیماریوں میں مبتلا کرتا ہے اورصوبہ بھر میں سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت پر پابندی عائد ہے۔

سیوریج کے پانی سے صرف غیر خوردنی فصلیں کاشت کی جا سکتی ہیں۔ترجمان کے مطابق کھیت سے پلیٹ تک محفوظ خوراک کی یقینی فراہمی کے لئے ہر سطح پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔عوام الناس اپنے ارد گرد ایسے تمام صحت دشمن عناصر کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔