لاہور۔7جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نےمصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے مصر کی قیادت، حکومت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی۔وزیر ا عظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران مصر کے تعمیری کردار اور امن کی کوششوں کو سراہا۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے لیے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے دورہ قاہرہ کا ذکر کرتے ہوئےوزیر اعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مصر کے ساتھ اپنے موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مصر کے ساتھ کئی شعبوں بشمول تجارت ، سرمایہ کاری اور صحت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے ۔
مصرکے صدر نے وزیراعظم کی عید الاضحیٰ کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور اس پرمسرت موقع پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیاء میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔