
کرتارپور ۔ 28 نومبر (اے پی پی) سابق بھارتی کرکٹر و سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو اور جونیئر وزیر ہر سمرت کور بادل نے کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی، اگر دیوار برلن گر سکتی ہے تو پاکستان بھارت کے درمیان نفرت کی دیوار بھی گر سکتی ہے، یہ راہداری ہر ایک کو جوڑے گی، وزیراعظم عمران خان نے ہماری کائنات ہماری جھولی میں ڈال دی، امن کے لئے سوچ کو بدلنا پڑے گا، مذہب کو سیاست اور دہشت کی آنکھ سے نہیں دیکھنا چاہیے۔ بدھ کو کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو نے وزیر اعظم عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد سے ہماری کائنات ہماری جھولی میں ڈال دی، میرے ماں باپ اس مٹی کو آنکھوں سے لگا کر واپس جاتے رہے ، دیگر لوگ بھی اسی طرح واپس جاتے رہے ، عمران خان اور بھارتی حکومت نے اب یہ فرض پورا کیا۔ انہوں نے کہاکہ بابا گرونانک کی اس مقدس جگہ کی طرف بڑھتے ہوئے سب سے پہلے انہی کے فلسفے کا آغاز ہوا۔ انہوں نے کہاکہ امن کے لئے ہمیں سوچ بدلنا پڑے گی۔ مذہب کو کبھی سیاست اور دہشت کی نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ کسی کو اپنے گرونانک کے در پر جانے کی اجازت نہ ہو۔ بابا گرونانک کا فسلفہ بھائی چارے کا تھا، انسانی تاریخ کو جوڑنے کا تھا۔