سابق حکومت نے تھرکول کے منصوبوں میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا،ہم نے یہ مکمل کردیے ہیں،وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر

245
ہم انتخابات کیلئے تیار،حتمی فیصلہ اتحادی جماعتیں ہی کریں گی،وفاقی وزیرتوانائی انجینئر خرم دستگیر خان

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے تھرکول کے منصوبوں میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، یہ پاکستان کا مستقبل ہے، موجودہ حکومت نے تھرکول کے تمام منصوبے مکمل کئے ہیں ، دوسری ٹرانسمیشن لائن بھی آ ئندہ 4 ہفتوں میں مکمل ہوجائے گی۔ پیرکو ایوان بالا میں سینیٹر تاج حیدر کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2014میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کی سرپرستی میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے تھر میں بجلی کی پیداوار کے منصوبے کا آغاز ہوا تھا،

تھرکول کے 4 منصوبے سابق حکومت کی عدم توجہی اور مجرمانہ غفلت کا شکار ہوئے لیکن ہم نے وہ منصوبے مکمل کئے، اب تھر کا کوئی منصوبہ زیر تعمیر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ تھرکول سے 3300 میگاواٹ بجلی حاصل ہورہی ہے، دوسری ٹرانسمیشن لائن پربھی 88فیصد کام مکمل ہوچکا ہے آئندہ 4 ہفتوں میں یہ منصوبہ بھی مکمل ہوجائے گا اور انرجی مکس میں پاکستان کے کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی شامل کی جائے گی۔