سابق حکومت کی ناکارہ پالیسیوں کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا ، وفاقی وزیر شازیہ مری

106

کراچی۔3جون (اے پی پی):وفاقی وزیربرائےتخفیف غربت اورسماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ سا بق حکومت کی ناکارہ پالیسیوں کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا، موسمیاتی تبدیلی اہم مسئلہ ہے جس پربحث کی اشد ضرورت ہے ، موسمیاتی تبدیلی کے معاشرے پر اور خاص طور پر لوگوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پانی کی قلت، ہیٹ ویو، سیلاب، قحت سالی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل میں ماحولیاتی تبدیلی اور خواتین کی صحت کےحوالےسے منعقدہ ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئےکیا۔

وفاقی وزیر شازیہ مری کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے معیشت بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام تخفیف غربت اور سماجی تحفظ وزارت کا ایک اہم حصہ ہے اور بی آئی ایس پی پروگرام سماجی تحفظ کیلئے انتہائی اہم اور مضبوط پروگرام ہے ، اس پروگرام کا آغاز 2008 میں پارلیمنٹ کی قانون سازی کے ذریعے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تقریباً 8 ملین گھرانے اس پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں ،موجودہ حکومت نے غریبوں کیلئے 28 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ماحولیات محمد اسماعیل راہو نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کی ماحولیاتی پالیسی مکمل ہوچکی ہے جو جلد فنکشنل ہوجائے گی۔انہوں نے کہا عوام میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق معلومات کی فقدان ہے، اس حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔