18.8 C
Islamabad
بدھ, اپریل 2, 2025
ہومقومی خبریںسابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین اے شیخ انتقال کرگئے، تقریباً چار دہا...

سابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین اے شیخ انتقال کرگئے، تقریباً چار دہا ئیوں تک غیر معمولی عزم کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی ، ترجمان دفتر خارجہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):سابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین اے شیخ کراچی میں انتقال کرگئے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا کہ وزارت خارجہ ایک ممتاز سفارت کار اور پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ (1994-1997) کے انتقال کا اعلان کرتی ہے۔ وہ جمعہ کی صبح 85 سال کی عمر میں کراچی میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یونیورسٹی آف سندھ اور ٹفٹس یونیورسٹی کے فلیچر سکول آف لا اینڈ ڈپلومیسی کے سابق طالب علم نجم الدین اے شیخ نے اپنی زندگی کی تقریباً چار دہائیاں غیر معمولی عزم اور امتیاز کے ساتھ پاکستان کی خدمت کے لئے وقف کیں۔ ان کے شاندار کیرئیر میں جرمنی، کینیڈا، امریکا اور ایران میں بطور سفیر تعیناتیاں شامل ہیں، جہاں انہوں نے مہارت سے پاکستان کے سفارتی مفادات کو آگے بڑھایا۔

- Advertisement -

سیکرٹری خارجہ کے طور پر انہوں نے اپنی بصیرت انگیز قیادت میں خارجہ پالیسی کو اسٹریٹجک دور اندیشی کے ساتھ تشکیل دیا اور بعد میں آنے والے سفارت کاروں کی رہنمائی کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اپنی سفارتی ذہانت کےلئےمشہور نجم الدین اے شیخ بین الاقوامی تعاون، علاقائی استحکام اور انسانی حقوق کے ثابت قدم حامی تھے۔

انہیں اندرون اور بیرون ملک وسیع پیمانے پر عزت دی گئی، ساتھیوں اور ہم منصبوں نے یکساں طور پر ان کی دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور پاکستان کے لئے غیر متزلزل لگن کی تعریف کی۔ بیان میں مزید کہا گیاہے کہ اپنی سفارتی خدمات کے علاوہ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے بورڈ آف گورنرز میں خدمات انجام دیں اور وہ سندھ کونسل آف فارن ریلیشنز کے بانی رکن تھے۔

وزارت خارجہ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور ان تمام لوگوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہے جنہیں ان کے ساتھ جاننے اور کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کی خدمت اور مدبرانہ وراثت آئندہ نسلوں کے لئے ایک تحریک کے طور پر قائم رہے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576933

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں