لاڑکانہ۔ 22 مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری ایم پی اے جمیل احمد سومرو نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش بھٹو میں منائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں کمشنر لاڑکانہ طاہر حسین سانگی کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آئین دینے والے سابق وزیراعظم پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی کی تقریبات کے سلسلے میں تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ برسی کے موقع پر کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے کونے کونے سے لوگ برسی کی تقریب میں شرکت کر کے اپنے شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، تاہم سڑکوں کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور سائن بورڈز بھی لگائے جائیں اور روٹ میپ بھی شائع کیا جائے تاکہ برسی میں شریک لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی حاجی خیر محمد شیخ نے کہا کہ برسی میں واپسی کے وقت ٹریفک کا بہت مسئلہ ہوتا ہے اس لیے ٹریفک کے نظام کو بہتر کیا جائے تاکہ باہر سے آنے والے مہمانوں کو واپسی کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، تاہم حفاظتی انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں کمشنر لاڑکانہ ڈویژن طاہر حسین سانگی نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ واک تھرو گیٹ نصب کریں اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ برسی میں ملک کے کونے کونے سے شرکت کرنے والوں کے لیے ضلع بھر میں صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے علاوہ گڑھی خدابخش بھٹو جانے والی سڑکوں پر سائن بورڈز بھی لگائے جائیں تاکہ برسی میں آنے والے لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس میں محکمہ روڈز کے حکام کو ضلع لاڑکانہ کی مختلف سڑکوں پر ترقیاتی کام فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، بلڈنگ ڈپارٹمنٹ کے افسراں سے کہا گیا کہ وہ واش روم وغیرہ کے کام کو یقینی بنائی جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسراں کو پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کی ذمہ داری دی گئی اور افسراں سے کہا گیا کہ وہ دی گئی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے انجام دیں، جبکہ محکمہ صحت کے حکام کو برسی کے موقع پر اپنے اضلاع میں گڑھی خدابخش بھٹو کی طرف جانے والی سڑکوں پر میڈیکل کیمپ لگانے کی ہدایت کی گئی، تاہم ہسپتالوں، بنیادی ہیلتھ یونٹس اور ڈسپنسریوں کو 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے جہاں ماہر ڈاکٹرز اور دیگر عملہ اور ادویات بھی رکھی جائیں۔
انہوں نے سیپکو حکام کو برسی کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور سٹینڈ بائی جنریٹرز کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ نے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مزار کے اندر پینے کا صاف اور ٹھنڈا پانی فراہم کیا جائے گا جبکہ پارکنگ، واش رومز اور صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا جس کے لیے مختلف محکموں کے افسران کو اپنی اپنی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جبکہ ایس ایس پی لاڑکانہ نے بھی اجلاس کو کئے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی اور یقین دلایا کہ سکیورٹی اور ٹریفک کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔
چیئرمین ضلع کونسل لاڑکانہ اعجاز احمد لغاری نے کہا کہ برسی میں لاکھوں لوگ شرکت کرتے ہیں جس کے لیے گرمی کا موسم بھی آرہا ہے اس لیے پینے کے لیے صاف اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا جائے اور ٹریفک کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ برسی میں شرکت کے دوران باہر سے آنے والے مہمانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، تاہم پارکنگ کا بھی انتظام کیا جائے اور پارکنگ بڑھانے کی گنجائش کو بڑہانے کی کوشش کی جائے گی جس کے لیے میں خود بھی سائیٹ کا دورہ کروں گا۔ اس موقع پر ڈی ایچ او لاڑکانہ ڈاکٹر شوکت علی ابڑو نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، پی پی ایچ آئی، پرنسپل سی ایم سی اور ریسکیو 1122 کے ساتھ میٹنگ بھی کی گئی ہے، اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی لہر، ٹاؤن کمیٹیوں کے چیئرمین، مختلف محکموں کے افسران اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575461