سابق وزیراعظم عمران خان کی خراب حکمرانی سے بجلی کی پیداوار سمیت ہر شعبہ میں بھاری نقصان ہوا،امیرمقام

62

پشاور۔30اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ ملک میں موجودہ لوڈشیڈنگ اور توانائی کے بحران کے پیچھے سابق وزیراعظم عمران خان کی خراب حکمرانی ہے، یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی ہوگی اور خیبرپختونخوا کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا، پیسکو حکام کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پیسکو ہیڈ کوارٹر میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو جبار خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بہت سے لوگ شدید گرمی میں بجلی کی گھنٹوں کی بندش سے پریشان ہیں اور حکومت نے کل سے لوڈ شیڈنگ میں انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ کے پی کے ان تمام علاقوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں جہاں لائن لاس صفر ہے، غیر قانونی کنکشن یا دیگر غیر قانونی طریقوں سے بجلی چوری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

امیر مقام نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی خراب حکمرانی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار سمیت تقریباً ہر شعبے میں بھاری نقصان ہوا جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو بڑے ترقیاتی دھچکوں کا سامنا کرنا پڑا جس سے بجلی، گیس، معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے، گیس کے کم پریشر کی وجہ سے فیڈرز کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور پی ٹی آئی حکومت کے سست روی کے باعث ایندھن کی کمی نے بجلی کی طلب اور رسد کے فرق کو بڑھا دیا ہے۔

امیرمقام نے کہا کہ اگر گیس اور تیل کے معاہدوں پر بروقت دستخط ہو جاتے اور نواز شریف حکومت کے لگائے گئے پاور پلانٹس کی دیکھ بھال کی جاتی تو آج لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ نہ ہوتا۔امیرمقام جو کہ پی ایم ایل این کے پی کے صدر بھی ہیں ،نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں ریکارڈ 12000 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی اور نیشنل گرڈ میں شامل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی حکومت مزید ایک سال چلتی تو ملک کو بہت نقصان ہوتا اور پاکستان اندھیروں میں ڈوب جاتا۔انہوں نے کہا کہ ’تبدیلی‘ کے نام نہاد چیمپئن لوگوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ان کے لیے کچھ نہیں کیا بلکہ قومی مسائل سے تمام توجہ ہٹا دی اور اپوزیشن رہنمائوں کو نشانہ بنانے کے لیے توانائیاں استعمال کیں۔

انہوں نے کہا کہ جو عناصر عمران خان کے بیانیہ کو تسلیم کرتے ہیں وہ پی ٹی آئی چیئرمین کے وفادار ہیں اور ان کے خیالات کی مخالفت کرنے والوں کو غدار کہا جاتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے تبدیلی، مذہب کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا اور بعد میں لیٹرگیٹ کا پراپیگنڈہ کرکے انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سازش کے بے بنیاد بیانیہ کو قومی سلامتی کونسل نے بھی مسترد کیا ،انہوں نے کہا، پشاور، خیبر اور بنوں میں ایریل بنڈل کیبل پراجیکٹ شامل کرنے سے بجلی چوری کے معاملات کو حل کرنے اور لائن لاسز کو روکنے میں مدد ملے گی۔ایک سوال کے جواب میں مقام نے کہا کہ کسی کو ملک میں انتشار، نفرت اور خونریزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری جمہوریت اور آئین کی فتح ہے جو پی ٹی آئی کی منفی سیاست کو بے نقاب کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لیے بہتر ہے کہ وہ فرح خان کے سکینڈل کے بارے میں عوام کو سچ بتائیں ، اب پاکستان میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہوگی ۔