سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی کا حویلیاں کیلئے صاف پانی کا منصوبہ منظور

197
Murtaza Javed Abbasi
Murtaza Javed Abbasi

ایبٹ آباد۔ 19 جولائی (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر و سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا مرتضیٰ جاوید عباسی نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ حویلیاں ایبٹ آباد کیلئے 3 ارب 33 کروڑ روپے کا صاف پانی کا منصوبہ منظور ہو گیا ہے۔ حویلیاں شہر کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا تھا، اس پراجیکٹ کے تحت دس ٹیوب ویل حویلیاں سے ختم ہوں گے اور گریویٹی فلو سکیم سے 92 ہزار لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے گا، اس معاملہ پر ہم نے ذاتی طور پر دلچسپی لی اور محنت کی الحمد اﷲ آج محنت رنگ لے آئی،

حویلیاں واٹر سپلائی سکیم کا پراجیکٹ 2016ءمیں شروع ہوا اور اس پراجیکٹ پر صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پراجیکٹ روک دیا گیا تھا، پھر دوبارہ 2021ءمیں اس پراجیکٹ کو شروع کرنے کی کوشش کی پھر اس کو روک دیا گیا، پھر مسلم لیگ (ن)کی حکومت اگست 2023ءمیں اس پراجیکٹ پر دوبارہ کام شروع ہوا، اس وقت سی ڈی ڈبلیو پی سے پی سی ٹو کی منظوری لی اور اب اس پراجیکٹ کی باقاعدہ منظوری ہو گئی ہے، جلد اس کا کنٹریکٹ مکمل کر کے کام شروع ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت حویلیاں کیلئے واٹر سپلائی سکیم زیر زمین پانی کے ذرائع یعنی ٹیوب ویلوں پر مبنی ہے جنہیں ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) اور پی ایچ ای ڈویژن ایبٹ آباد چلاتے ہیں اور عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرتے ہیں، اس وقت دس ٹیوب ویل (5 شہری علاقہ میں اور 5 حویلیاں ٹائون کے دیہی علاقوں میں) ٹی ایم اے اور پی ایچ ای ڈی نے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں لگائے ہیں لیکن موجودہ وسائل/سہولیات کی کمی کی وجہ سے بجلی کا بار بار بریک ہونا، گرائو نڈ واٹر ٹیبل کی کمی، صارفین کو ہموار اور بلا تعطل پانی کی فراہمی ہمیشہ ایک چیلنجنگ مسئلہ ہے۔

منصوبہ کی سرگرمیوں میں انٹیک سٹرکچر اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر، ڈسٹری بیوشن لائنوں کا قیام، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ آپریٹرز کی استعداد کار میں اضافہ، واٹر میٹر سسٹم پر قانون اور پالیسی کیلئے مشاورت اور زیر زمین پانی کی تحقیق شامل ہے۔