سابق پاکستانی کرکٹرماجد خان کاپاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ

170
سابق پاکستانی کرکٹرماجد خان کاپاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ

راولپنڈی۔16دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و لیجنڈری بیٹر ماجد خان نے دورہ سری لنکا کی تیاریوں کے سلسلے میں راولپنڈی میں جاری پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کو کھیل سے متعلق مفید مشورے دیئے ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن امیر الدین انصاری، ریجنل ہیڈز جاوید اشرف، ساجد خان، رافع ہاشمی، کیمپ انچارج صبیح اظہر، میڈیا مینیجر محمد نظام اور راؤ جاوید بھی موجود تھے

، جنرل سیکرٹری پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن امیر الدین انصاری نے ماجد خان کو قومی پی ڈی ٹیم کی عالمی سطح پر کارکردگی اور سری لنکا میں ہونے والے ایونٹ کے بارے میں آگاہ کیا، سابق کپتان ماجد خان نے کیمپ میں شریک کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کہا کہ یقین کامل، مسلسل محنت اور جدوجہد سے آپ ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں،

آپ اپنی محنت سے یہاں تک پہنچے ہیں اور اسی جذبے سے ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں ، ماجد خان نے پی پی ڈی کی پی ڈی کرکٹ کے فروغ کے لیے امیر الدین انصاری کی کوششوں کو سراہا، امیر الدین انصاری نے تربیتی کیمپ کا دورہ کرنے پر سابق کپتان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پی پی ڈی سی اے کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی، لیول 4 کوچ صبیح اظہر کی زیر نگرانی پاکستان پی ڈی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے کنڈیشننگ اینڈ اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ میں بھرپور پریکٹس کی ، اس دوران ٹی 20 پریکٹس میچ بھی کھیلا گیا جس میں پی ڈی وائٹس نے پی گرین کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔