سات روزہ انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ہوگی ، 16 لاکھ 400بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے،صحت حکام

136
ضلع اٹک میں پولیو مہم 16 دسمبر سے شروع ہو کر 20 دسمبرتک جاری رہے گی،ڈپٹی کمشنر اٹک

فیصل آباد ۔ 02 جون (اے پی پی):سات روزہ انسداد پولیو مہم کل(3 جون بروز پیر )سے شروع ہوگی جو9جون تک جاری رہے گی، اس دوران 16 لاکھ 400 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق مذکورہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 16 لاکھ 400بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر 4922پولیو ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور ہو ں گی۔

اس حوالے سے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یا ر کا کہنا ہے وطن عزیز کو پولیو فری بنانا ترجیح ہے اور باربار مہم کو دہرانے کامقصد اس وائرس کا یکسر خاتمہ کرنا ہے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور گھر آنے والی پولیو ٹیموں سے تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے مائیکروپلان پرذمہ داری سے عمل کیا جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ مہم کی دوہری مانیٹرنگ کی جائے گی اس ضمن میں غفلت یا لاپروائی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بس اڈوں، ریلوے سٹیشنز،پارکس،موٹر وے انٹرچینجز سمیت دیگر فکسڈ پوائنٹس پر ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کے باعث گھروں پر خصوصی فوکس کیا جائے گا اور مہمان بچوں کو بھی قطرے پلائے جائیں گے۔