سارک چیمبر کی چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد

266
صدر افتخار علی ملک
سارک ممبر ممالک خصوصاً افغانستان کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کے لیے علاقائی اقتصادی تعاون انتہائی ضروری ہے، صدر افتخار علی ملک

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس کے صدر افتخار علی ملک نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ بدھ کو اپنے مبارکباد کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو فخر ہے کہ چوہدری پرویز الہی جمہوری طریقے سے دوبارہ ملک کے سب سے بڑے صوبے کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں اور یہ ایک یادگار لمحہ ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے اعلیٰ ترین تجارتی فورم کے صدر کے طور پر وہ خود قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں اور ملکی سالمیت، خودمختاری کا تحفظ اور سلامتی کا دفاع ان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری کاروباری برادری کو نئی صوبائی حکومت سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاشی عدم استحکام جیسے بنیادی مسئلے کو حل کرنے کا واحد راستہ برآمدات میں اضافے کے لیے بہترین مراعاتی پیکج دینا ہے جبکہ کاروباری آسانیاں پیدا کرنا بھی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اہم کلیدی عنصر ہے، افتخار علی ملک نے امید ظاہر کی کہ بطور وزیر اعلیٰ وہ معاشی ترقی میں میں بھر پور کردار ادا کریں گے اور ٹیکس اصلاحات کے ساتھ ساتھ سرخ فیتے اور ڈی ریگولیشنز کے خاتمہ اور زندگی کے ہر شعبے میں ٹیکس کلچر کے فروغ پر توجہ مرکوز کریں گے۔

انہوں نے مزید کہ ملک بھر میں ترقی اور صنعت کاری کو تیز کرنے کے لیے قابل عمل و نتیجہ خیز معاشی پالیسیاں بنانے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جلد برآمدات پر مبنی چارٹر آف اکانومی وزیر اعلیٰ کا پیش کریں گے۔ اگر اس پر عمل درآمد کیا گیا تو خوشحالی و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور پسے ہوئے طبقات کی سماجی و اقتصادی حالت میں بھی بہتری آئے گی۔