سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو

126

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے، حکومت کی جانب سے کاروبار میں آسانی کو بہتر بنانے کے لیے شروع کی گئی اصلاحات کے نتائج برآمد ہوئے ہیں اور بین الاقوامی درجہ بندی میں پاکستان کا رینک 136 ویں پوزیشن سے بہتر ہوکر 108 ویں نمبر پر آگیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 

وفد نے صدر چیمبر فدا حسین دشتی کی قیادت میں پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کاروبار اور صنعتی شعبوں کی سہولت اور مضبوطی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تاجر برادری اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک میں انٹرپرینیورشپ اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو فروغ دینے کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں اور نوجوانوں کو آسان شرائط پر کاروباری قرض فراہم کر رہی ہے۔

وفد نے صدر کو قومی معیشت میں کوئٹہ کی کاروباری برادری کے کردار اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل میں مدد کی جائے گی۔