اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت سازگار کاروباری پالیسیوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، پاکستان ایک محفوظ ملک ہے جہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباروں کو تحفظ حاصل ہے، سابقہ دور میں ڈی انڈسٹرلائزیشن ہو رہی تھی، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی ملک میں ڈی انڈسٹرلائزیشن روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے، ہمارا یقین ہے کہ صنعتیں ترقی کریں گی تو ملک آگے بڑھے گا، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت حکومت ملک میں صنعتی انقلاب کے لئے نمایاں اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کورونا وائرس کی وبا کے بعد دنیا کو درپیش معاشی صورتحال کا تفصیل سے ذکر کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرپرینیور آرگنائزیشن کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی میں کاروباری اداروں کا اہم کردار ہے، کاروباری ادارے بڑی تعداد میں ملازمتیں مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی جی ڈی پی میں نمایاں حصہ لیتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ پر بھرپور توجہ دی، یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری بڑھی ہے، ملک میں کام کرنے والی کمپنیوں کے منافع میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، صنعتی اور زرعی شعبہ میں انقلابی اقدامات کے باعث لوگوں کی آمدن میں 37 فیصد اضافہ ہوا، 1100 ارب روپے رورل اکانومی سے زرعی شعبہ میں منتقل ہوئے، آج ہمارا کسان خوشحال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتی و زرعی سرگرمیوں میں اضافہ کے باعث گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور ٹریکٹروں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم تنخواہ دار طبقہ کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں، حکومت اس ضمن میں اقدامات اٹھا رہی ہے، منافع بخش کمپنیوں کو بھی اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا چاہیے ۔ اس موقع پر انٹرپرینیور آرگنائزیشن کے وفد نے حکومت کی جانب سے صنعتوں اور کاروباروں کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔
وفد میں عاقب چوہدری (رائس ورلڈ)، طارق محمد (اوٹو پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ)، اشعر خان (کوم ٹیل)، عمران غفور (ستارہ پیروکسائیڈ لمیٹڈ)، جاوید مصدق (اربن سول)، خرم گلزار (ویلیو سٹاک اینڈ کموڈیٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ)، محسن خواجہ (محمود گروپ)، شاہجہاں ملک (گارڈ ایگریکلچر ریسرچ اینڈ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ)، عمر اشرف (سپر ایشیا موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ)، تنویر احمد (ایفل انڈسٹریز لمیٹڈ)، قاسم چوہدری (مرکنٹائل انٹرپرائزز (پرائیویٹ) لمیٹڈ)، عمر ورک (حرا ملز لمیٹڈ) شامل تھے۔\932