
ملتان۔ 07 جنوری (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پرعمل کرتے ہوئے محکمہ زراعت نے سال2023 ءکے دوران جعلی زرعی زہروں کیخلاف بھرپور کاروائیاں کیں تاکہ کاشتکاروں کو معیاری زرعی زہروں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور ان کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جا سکے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ کی سربراہی میں شعبہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز نے جعلی زرعی ادویات کے خلاف کریک ڈاو ن جاری رکھا اور ان کارروائیوں کے دوران 11لاکھ74ہزار کلوگرام زہریں قبضہ میں لے کر حوالہ پولیس کی گئیں۔
پکڑی گئی جعلی و ملاوٹ شدہ زہروں کی مالیت 37کروڑ روپے بنتی ہے۔اس کے علاوہ زرعی زہروں کے معیار کو جانچنے کیلئے 9084نمونہ جات برائے تجزیہ لیبارٹریز کو بھجوائے گئے جن میں سے273 نمونہ جات غیر معیاری پائے گئے۔ تر جمان کے مطابق خفیہ اطلاعات پر 555 چھاپے مارے گئے اور679مقدمات کا اندراج کرایا گیا۔اس مہم کے دوران 242افراد کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ سال 2023 ءکے دوران جعلی زہریں بنانے والی 19غیر قانونی فیکٹریاں /فرمز پکڑی گئیں۔734زرعی کمپنیاں بطور ڈسٹری بیوٹر پنجاب میں رجسٹرڈ ہوئیں اور 17099 افراد کو ڈیلرشپ لائسنس کااجرائ کیاگیا۔