سانحہ اے پی ایس کے شہدا نےقوم کو دہشت گردی اورمذہبی انتہا پسندی کے خلاف یکجا ہونے کی راہ دکھائی،وفاقی وزیر داخلہ

165
دہشت گرد عناصر اس طرح کے حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کی کوئٹہ شارع اقبال پر دھماکہ کی مذمت

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاورملکی تاریخ کا ایک غمناک ترین واقعہ ہے،سفاک اوردرندہ صفت دہشت گردوں نے معصوم اورکمسن بچوں کو حملہ کرکے شہید کردیا،آٹھ برس گذرنے کے باوجود سانحہ اے پی ایس کا یہ زخم آج بھی تازہ اور ناقابل فراموش ہے۔

سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کی آٹھویں برسی پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا نے پوری قوم کو دہشت گردی اورمذہبی انتہا پسندی کے خلاف یکجا ہونے کی راہ دکھائی،قوم نے ملکر ملک سے دہشت گردی کو شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن اے پی ایس کے شہدا کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔آج کے دن ہم اےپی ایس کے شہدا ، بچوں کے والدین اوران کے بہادراساتذہ کوسلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آرمی پبلک سکول کے شہدا کے درجات بلند کرے اور ان کے اہلخانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔