31.6 C
Islamabad
منگل, مئی 20, 2025
ہومقومی خبریںساہیوال کول پاور پلانٹ پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں تاریخی کردار...

ساہیوال کول پاور پلانٹ پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں تاریخی کردار کا حامل منصوبہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ پاکستان کے توانائی کے سفر میں ایک تاریخی کردار ادا کر رہا ہے،اس منصوبہ کی تکمیل سے جہاں بجلی کی بندش کے تاریک دنوں کا خاتمہ ہوا اور توانائی کی فراہمی ہوئی وہیں انفراسٹرکچر کی ترقی اور ماحولیاتی ذمہ داری کی ایک نئی صبح طلوع ہوئی۔ترجمان ساہیوال کول پاور پلانٹ کے مطابق یہ منصوبہ پنجاب کے وسیع میدانوں میں واقع ہے اور جنوبی ایشیا کے سب سے اہم توانائی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے۔ اسے ہوا نینگ شینڈونگ روئی پاکستان انرجی کمپنی نے تعمیر کیا، جو دو چینی توانائی کمپنیوں کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ ساہیوال منصوبہ نہ صرف تکنیکی مہارت بلکہ ماحولیاتی ذمہ داری کا بھی عملی مظاہرہ ہے۔

لوڈشیڈنگ صرف پریشانی نہیں بلکہ بحران کی شکل اختیار کر چکی تھی ۔ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کارخانے بند، کولڈ سٹوریج ناکام، طالب علم موم بتیوں کی روشنی میں پڑھنے اور ہسپتال بغیر بجلی کے کام کرنے پر مجبور تھے۔ معیشت سست روی کا شکار ہوئی اور روزگار کے مواقع کم ہو رہے تھے ۔ساہیوال کول پاور پلانٹ نے یہ صورتحال بدل دی۔ اس نے 1,320 میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی، جو تقریباً 25 لاکھ گھروں کو روشن کرنے کے لئے کافی ہے۔ دو سپر کریٹیکل سٹیم ٹربائن یونٹس، ہر ایک 660 میگا واٹ کی پیداواری صلاحیت کے ساتھ، جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں جو زیادہ دبائو اور درجہ حرارت پر کام کرتے ہیں جس سے فی یونٹ بجلی کی پیداوار میں کاربن کے اخراج میں کمی آتی ہے۔

- Advertisement -

پلانٹ کو بندرگاہ قاسم سے کوئلہ لانے کے لئے ایک مخصوص ریلوے لائن سے جوڑا گیا ہے، جو نقل و حمل کو موثر اور ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ بناتی ہے۔ بند کنویئرز، ڈسٹ سپریشن یونٹس اور جدید مانیٹرنگ سسٹمز اس عمل کو صاف اور موثر رکھتے ہیں۔ کلوزڈ لوپ کولنگ سسٹمز تھرمل آلودگی کو کم کرتے ہیں، جبکہ زیرو لیکوئڈ ڈسچارج (زیڈ ایل ڈی) سسٹم اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ کوئی بھی فضلہ پانی ماحول میں نہ جائے۔ساہیوال پلانٹ جدید انضمام، مہارت سے تیار کردہ انجینئرنگ اور پائیدار ڈیزائن کی عکاسی کرتا ہے۔ پانی کے استعمال کے حوالے سے، ساہیوال جدید بند کولنگ سسٹمز استعمال کرتا ہے جو فی یونٹ بجلی پیداوار میں پانی کے استعمال کو نمایاں طور پر کم کرتے ہیں۔

زیڈ ایل ڈی فریم ورک کے تحت تمام فضلہ پانی کو پلانٹ کے اندر صاف کر کے دوبارہ استعمال کیا جاتا ہے تاکہ آس پاس کے پانی کے ذرائع آلودگی سے محفوظ رہیں۔ساہیوال منصوبے کے تعمیر کاروں نے سماجی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ ان کی وابستگی محض ضابطوں تک محدود نہیں بلکہ ایک سنجیدہ عزم کی عکاسی ہے۔

جب دنیا کی توانائی کا سفر قابل تجدید ذرائع کی طرف بڑھ رہا ہے، ساہیوال جیسے منصوبے یاد دہانی کراتے ہیں کہ عبوری حل بھی ہوشیار، ذمہ دار، اور جامع ہونے چاہئیں۔ ساہیوال نے نہ صرف گھروں کو روشن کیا بلکہ صنعتوں کو زندہ کیا، روزگار بحال کیا اور یہ ثابت کیا کہ روایتی توانائی بھی پائیدار ترقی کی طاقت بن سکتی ہے ، بشرطیکہ اسے شعور اور دانشمندی سے استعمال کیا جائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598720

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں