سبکدوش ہونے والے چینی سفیر نے پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا ، چیئرمین سینیٹ

250
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سبکدوش ہونے والے چینی سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نونگ رونگ نے پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز سبکدوش ہونے والے سفیر کے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی عشائیے کے بعد کیا۔دونوں معززین نے دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاک چین دوستی پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے اور اس دوستی نے ہمیشہ ہرآزمائش کا مل کرکا مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں اور چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ہم چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ،

چین کی طرف سے پاکستانی عوام کے لیے ایک تحفہ ہے اور پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران امداد اور بحالی میں چین کے فعال کردار کا اعتراف کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اس فراخدلانہ امداد پر چین کے عوام اور حکومت کی شکر گزار ہے۔

اس موقع پر نونگ رونگ نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کی حکومت اور عوام کو بھی پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال دوستی پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی ترقی میں تعاون جاری رکھے گا اور دونوں ممالک علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔