ستائیس اکتوبر 1947 مقبوضہ جموں کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کیخلاف احتجاج

147

مظفرآباد ۔27اکتوبر (اے پی پی):27 اکتوبر 1947 مقبوضہ جموں کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کیخلاف پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام دارالحکومت میں شدید احتجاج،شہر کی فضاء بھارت مخالف اور آزادی کے نعروں سے گونجتی رہی۔ مظاہرین کا شہر کی مرکزی شاہراہ پر یند مکالف مارچ اقوام متحدہ کے مبصرین کو بھارتی قبضے کیخلاف قرارداد پیش کی گئی۔

تفصیلات کےمطابق 27 اکتوبر 1947 کو مقبوضہ جموں کشمیر پر جبری فوجی قبضے کیخلاف ریاست بھر میں شدید احتجاج کیا گیا۔ دارالحکومت میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیراہتمام یوم سیاہ کے سلسلے میں برہان وانی شہید چوک میں بھرپور احتجاج کیا گیا۔ یوم سیاہ کی ریلی میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی کشمیری شہریوں نے ہاتھوں میں زنجیریں اور سروں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر 27 اکتوبر 1947 کے بھارتی فوجی قبضے کیخلاف مزمتی جملے درج تھے۔

مظاہرے کے شرکاء بھارتی فوجی قبضے اور ریاستی دہشتگردی کیخلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔ کشمیری مظاہرین آزادء کشمیر، شہدائے کشمیر اور مجاہدین کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے۔ یوم سیاہ کے موقع پر احتجاج کررہے شرکاء نے سیاہ جھنڈے بھی لہرائے۔ یوم سیاہ کی ریلی سے قائد حزب اختلاف قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، چیئرمین پاسبان حریت جموں کشمیر عزیراحمدغزالی، سیکریٹری کشمیر لبریشن کمیشن اعجاز احمد لون، تاجر رہنما سردار عبدالرزاق خان، حریت رہنماء مشتاق السلام، پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، شوکت جاوید میر، قاری بلال احمد فاروقی، محمد اسلم انقلابی، جاوید احمد مغل، مہتاب حمید ایڈووکیٹ، ڈاکٹر محمد منظور و تنویر درانی و دیگر نے خطاب کیا۔

یوم سیاہ کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج ہم سب ریاست جموں کشمیر میں بھارتی فوجی قبضے کیخلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ ریاست کا ایک ایک شہری آج بھارتی فوجی قبضے کیخلاف نفرت کا اظہار اور احتجاج کررہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ بھارتی فوجی قبضے کو کشمیری عوام مسترد کرچکے ہیں۔